کھلابٹ سرکار پلازے کا افتتاح نہ ہوسکا، عوامی اتحاد کا میاب پاور شو
پی ٹی آئی قیادت جلسہ کرکے چلی گئی، متاثرین عوامی اتحاد کا بھرپور جوابی پاور شو
ہری پور کے نواحی علاقے کھلابٹ ٹاؤن مین چوک میں سرکاری پلازے کی افتتاح کی کوشش کو متاثرین تربیلہ اتحاد اور کھلابٹ کے تاجروں نے ناکام بنا دیا۔ پی ٹی آئی قیادت جلسہ کرکے چلی گئی، متاثرین عوامی اتحاد کا بھرپور جوابی پاور شو، پلازے کی تعمیر سے قبل کھلابٹ کے عوام کو درپیش بنیادی مسائل حل کئے جائیں، سٹرکوں کی تعمیر صرف کرپشن کی خاطر کی جارہی ہے۔ عوامی حقوق ومفادات پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ ہمارے پاس اب سرکاری طاقت نہیں لیکن عوامی طاقت ضرور ہے کسی کو بھی متاثرین تربیلہ کے حق پر ڈاکہ مارنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ گوہر نواز خان، بابرنواز خان اور دیگر کا عوامی اجتماع سے خطاب، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز میونسپل کارپوریشن کھلابٹ ٹاؤن شپ کی جانب سے مین چوک گراؤنڈ میں پنتیس کروڑ روپوں کی لاگت سے سرکاری پلازہ کی تعمیر کی افتتاحی تقریب کا پروگرام منعقد کیا گیا تھا جس کے لئے باقاعدہ تقریب بھی منعقد کی گئی تھی جس میں وفاقی و صوبائی وزراء کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کو بھی مدعو کیا گیا تھا تاہم مقامی تاجروں نے اپنے صدر فیصل خان، شیخ ریا اور دیگر نے مذکورہ پلازہ کو کھلابٹ کے ماسٹر پلان کی خلاف ورزی اور تاجروں کے مفاد کے برعکس قرار دیتے ہوئے اس کی مخالفت کی اور سابق ایم این اے بابرنواز خان، ایم پی اے گوہر نواز خان سے ملاقات کرکے انہیں اس مسئلہ میں ساتھ دینے کا مطالبہ کیاجس پر دونوں شخصیات نے تاجروں کی حمائیت کا اعلان کیا اور افتتاحی تقریب کے موقع پر پرامن احتجاجی مظاہرہ کی کال اور افتتاح کو ہر صورت میں روکنے کی یقین دہانی کروائی جس کے بعد پی ٹی آئی کے مجوزہ پروگرام شروع ہونے سے قبل ہی کھلابٹ کے تاجروں اور عوام کی بڑی تعداد نے متاثرین عوامی اتحاد کے پلیٹ فارم سے مذکورہ گراؤنڈ مارکیٹ کے باہر احتجاج شروع کردیا۔ چند فٹ پر پی ٹی آئی کا پروگرام بھی شروع ہوگیا تاہم بعدازاں مظاہرین گراؤنڈ کے اندر چلے گئے جہاں پر سابق ایم این اے بابرنواز خان، ایم پی اے گوہر نواز کان کی وارننگ کے بعد گراؤنڈ بریکنگ کے لئے آنے والی مشینری کو بھی گراؤنڈ سے نکال دیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے تاجر رہنما شیخ ریاض نے کہا کہ پہلے ہی کرونا کے باعث ہمارے کاروبار تباہ ہوچکے ہیں اب ایسے بے ڈھنگے منصوبہ سے ہمارے کاروبار ختم کرنے کی سازش کی جارہی ہے جو ہمیں قبول نہیں، صدرانجمن تاجران فیصل خان نے کہا کہ تاجروں کے لئے اپنے کرائے پورے کرنا مشکل ہوچکے ہیں حکومت نے مہنگائی کے ہاتھوں عوام کو مار دیا ہے۔ کھلابٹ کے بنیادی مسائل ختم ہوگئے ہیں کہ جو یہاں پلازہ تعمیر کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل اہلکاروں نے آج تاجروں کو ڈرایا دھمکایا ہے لیکن اس کے باوجود تاجروں نے بھرپور اتحاد ویکجہتی کا ثبوت دیتے ہوئے مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال کی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ بابرنواز خان اور گوہر نواز کان نے آج ہمارا ساتھ دے کر حقیقی عوامی نمائندے ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق تحصیل ناظم سلیم خان تنولی نے کہا ہے کہ کھلابٹ کے عوام کو آج گزشتہ انتخابات میں کی گئی غلطیوں کی سزا دی جاری ہے اگر ہم اس وقت درست فیصلہ کرتے تو آج یہ حالات نہ ہوتے۔ میونسپل پلازہ تاجر دشمن منصوبہ ہے جو کسی بھی صورت نہیں بننے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ہم نے آج عوامی قوت سے اس تاجردشمن اقدام کو ناکام بنایا ہے اگر ہم متحد رہے تو کوئی بھی ہمارے مفادات کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ سابق ناظم اور پی ٹی آئی رہنما عظمت خان ترین نے کہا کہ پی ٹی آئی میں آدھے تیتر اور آدھے بٹیر ہیں، عمر ایوب خان سے بجلی تو ٹھیک ہو نہیں سکی لیکن یہ چالیس کروڑ کے کام کہاں سے کروائیں گے۔ یہ ہمارے رائیلٹی کا پیسہ ہے جو شہید عوام اخترنواز خان نے شروع کیا اس سے پہلے یہ لوگ کہاں تھے، کھلابٹ میں سڑکوں کی تعمیر کے نام پر کرپشن ہورہی ہے۔ پی سی ون کے برعکس عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لئے کڑچھے اور چمچے روڈ کے نام پر مال بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں نے پی ٹی آئی کو خیرآباد کہہ دیا ہے میں گوہر نواز خان اور بابرنواز خان کا سپورٹر تھاسپورٹر ہوں اور سپورٹر رہوں گا۔ سابق ایم این اے بابرنواز خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کروڑوں اربوں کے دعوے کرنے والے سترسال اس ضلع پر مسلط رہے لیکن دو کالجز سے ذیادہ کچھ نہ کرسکے۔ شہید عوام اختر نواز خان اور ان کے بعد گوہر نواز خان نے سکولز وکالجز کا جال بچھایا تو انہوں نے بھی اپنی سیاست کو بچانے کے لئے ایسے کام شروع کئے۔ آج ترقیاتی کاموں کا مقصد عوام کی ترقی نہیں بلکہ کرپشن ہے۔ وگرنہ جس طرح ہم کرپشن نہ کرنے کی قسم اُٹھاتے تھے مخالفین بھی ایسی قسم اُٹھائیں۔ ہم پر کلاشنکوف کلچر اور منشیات کا الزام لگانے والوں کو عوام نے دیکھ لیا کہ ان کی گاڑیوں سے منشیات برآمد ہوئی ہیں۔ یہ لوگ عوام کے خیر خواہ نہیں بلکہ عوام دشمن ہیں جنہوں نے قبرستان کے لئے سیکشن فور فائیو ہونے کے باوجود اس کا پیسہ واپس کروایا ہمارے لگائی گئی سٹریٹ لائٹس آج بھی روشن ہیں جبکہ ہری پور جی ٹی روڈ پر حال ہی میں لگنے والی کئی سٹریٹ لائٹس ناکارہ ہوچکی ہیں۔ ہم نے کھلابٹ کے لئے پڈھانہ کے مطام پر گرڈ اسٹیشن لایا جسے موجودہ ایم این اے نے یہاں سے منتقل کروا دیا۔ ماضی میں انہی لوگوں نے ہری پور میں پانچ سو بستروں کے ہسپتال کے منصوبہ کو بھی ناکام بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کھلابٹ کے تاجروں نے ہمیں ایک آواز دی تو آج ہمارا سارا خاندان یہاں پر موجود ہے۔ اقتدار ہو یا نہ ہو ہم کھلابٹ کے عوام کے حقوق کے دفاع کے لئے کام کریں گے۔ عوام بھی اتفاق اور اتحاد برقرار رکھیں۔ انشاء اللہ کوئی مائی کا لعل انہیں نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ سابق ایم پی اے گوہر نواز خان نے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں تین سال سے خاموش تھا کہ ہم پر مخالفت برائے مخالفت کا الزام لگایا جائے گا۔ لیکن اب بہت ہوچکا ہے کھلابٹ کے عوام کے حقوق پر دن دیہاڑے ڈاکہ زنی کی جارہی ہے میں نے قبرستان کے لئے پیسہ تک دے دیا تھا۔ صرف مذکورہ جگہ کا انتقال ہونا باقی تھا لیکن ان عوام دشمنوں نے اس کی رقم واپس کروا دی۔ ہمارے دور میں جو سڑکیں بنیں اور آج جو بن رہی ہیں ان کا معیار چیک کرلیں سب سامنے آ جائے گا۔ کھلابٹ کے مختلف مقامات پر قبرستانون کے لئے زمینوں کا حصول یقینی بنایا جن میں دربند، قریشی چوک وغیرہ شامل ہیں۔ لیکن اس میں بھی ڈنڈی ماری گئی۔ واٹر سپلائی کے لئے ٹیوب ویلز کو سولر سسٹم پر منتقل کیا گیا دو دو ٹیوب ویل کی مشینیں دی گئیں تاکہ ایک خراب ہو تو دوسری کو چلایا جا سکے لیکن وہ سولر بھی اُتار لیا گیا، آج پانچ پانچ دن پانی نہیں آتا، اقتدا ر کے آخری دنوں میں سیوریج کے لئے ایک اعشاریہ چار ارب روپوں کے منصوبی کے لئے سروے شروع کروایا گیا لیکن اس کو بھی ہڑپ کرلیا گیا۔ کھلابٹ کے عوام اتفاق و اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو عوام نے ہر صورت میں ناکام بنانا ہے چاہے ہم رہیں یا نہ رہیں، اگر ہمارا اتحاد اور اتفاق برقرار رہا تو کوئی طاقت ہمیں شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم کھلابٹ کے حقوق پر ہر وقت پہرہ دیں گے۔ میری موجودگی میں کوئی آکر اس افتتاح کرے اگر میری غیر موجودگی میں کوئی آئے تو عوام اسے بھگا دیں۔ تمام ذمہ داری میری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل تک مسجد کے قیام کو قبضہ گروپ قرار دیا جا رہا تھا سروں پر کفن باندھے جارہے تھے۔ آج اپنوں کو نوازنے کے لئے مارکیٹ کا ڈھونگ رچایا جارہا ہے جو کسی صورت قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ رکشہ ڈرائیور، ریڑھی بان، دوکاندار کے حقوق کے لئے ہر قیمت پر دفاع کریں گے کیونکہ وہ ہمارے بھائی ہیں۔ بعدازاں مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔
No comments:
Post a Comment
Thank you for contacting us, we will response ASAP