ہری پور ناقص سیکورٹی پولیو ڈیوٹی پر مامور خاتون پر مسلح ملزمان کا حملہ
ڈیوٹی کے بعد رپورٹ جمع کروانے جارہی تھیں کہ نجی سکول کے قریب گلی میں دونامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے دونوں ورکرز کو روک لیا
ہری پور پولیو سیکورٹی سوالیہ نشان، پولیو ڈیوٹی پرمامور خاتون لیڈی ہیلتھ ورکر پر مسلع ملزمان کا حملہ، تشدد کا نشانہ بنا کر کانوں میں پڑی طلائی بالیاں بھی نوچ کرلے گئے۔ عوامی وسماجی حلقوں سمیت ضلع بھر کی خواتین ورکرز میں بھی سخت اضطراب، ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او ہری پور سے افسوسناک واقعہ کا فوری اور سخت نوٹس لے کرملوث ملزمان کے خلاف سخت قانونی کاروائی اور خواتین پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ، ذرائع کے مطابق گزشتہ روز محکمہ صحت کی لیڈی ہیلتھ ورکرز پولیو ڈیوٹی پر نورکالونی ایریا میں ڈیوٹی کے بعد رپورٹ جمع کروانے اپنے سنٹر محلہ باندہ جا رہی تھیں کہ ایک نجی سکول کے قریب گلی میں دونامعلوم مسلح موٹرسائیکل سواروں نے دونوں خواتین ورکرز کو روک لیا اور ان کے پرس چھین کر چیک کئیے کچھ نہ ملنے پر ایک خاتون ورکر کو تشدد کا نشانہ بنایا اور اس کے کانوں میں پڑی طلائی بالیاں بے رحمی سے نوچ کر فرار ہوگئے جبکہ متاثرہ زخمی پولیو ورکر کو ٹراما سنٹر میں طبی امداد دی گئی مگر حیرت انگیز طور پر اس پرتشدد واقعے کا مقدمہ تک درج نہیں کروایا گیا جس پر مختلف مکاتب فکر کے حلقوں میں چہ میگوئیاں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جبکہ عوامی اور سماجی حلقوں نے ڈپٹی کمشنرہری پور اور ڈی پی او ہری پور سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری اور غیرجانبدارانہ تحقیقات کی جائیں کہ واقعہ محکمہ پولیس یا محکمہ صحت کس کی غفلت کی بنا پر پیش آیا اور ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کرکے نشان عبرت بنایا جائے۔ علاوہ ازیں عوام کے جان ومال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ پولیو ڈیوٹی پر مامور خواتین ورکرز کو تحفظ فراہم کیا جائے۔ دوسری جانب اس واقعہ کی سی سی ٹی وی ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر شئیر کی جارہی ہے۔
No comments:
Post a Comment
Thank you for contacting us, we will response ASAP