پولیس احتجاج
احتجاج کرنے والوں کے خلاف کاروائی نہ کرنے کا فیصلہ
پشاور پولیس لائنز میں ہونے والے دھماکے کے خلاف پولیس اہلکاروں کی جانب سے پشاور پریس کلب کے باہر احتجاج کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میں پولیس اہلکاروں سمیت سول وسماجی تنظیموں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی شرکت کی۔ مظاہرین نے کہا کہ پولیس پر مزید حملے برداشت نہیں کرسکتے۔ ہر بار پولیس کو ہی کیوں قربانی دینی پڑتی ہے۔ مظاہرین نے پولیس لائنز دھماکے کی شفاف انکوائری کا بھی مطالبہ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز احتجاج کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آئی جی خیبرپختونخواہ کی جانب سے تمام ڈی آئی جیز کو احکامات جاری کردیئے گئے۔ مراسلے میں کہا گیا کہ ڈسپلن کی خلاف ورزی کے باوجود اہلکاروں کی جذباتی کیفیت کو دیکھ کر مطمئن کیا جائے گا۔ ناقابل اصلاح پولیس اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کاروائی ہوگی۔ مراسلے میں یہ بھی کہا گیا کہ خیبرپختونخواہ پولیس نے جانوں کا نذرانہ پیش کرکے بہادری کی داستان رقم کی ہے۔
No comments:
Post a Comment
Thank you for contacting us, we will response ASAP