ہری پور چنگی بانڈی میں دو نوجوانوں کا لرزہ خیز قتل، 2مبینہ ملزم گرفتار
صفی اللہ اور وحید فرنیچر کی دکان پر کام کرتے تھے، گزشتہ جمعہ کے وقت گھومنے کے لئے نکلے بعدازاں انکی نعشیں گاڑ پہاڑی پر پڑی ہوئی ملیں
پولیس ولواحقین موقع پر پہنچ گئے، نعشیں ہسپتال منتقل، پوسٹمارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے، ملوث دوملزمان کی گرفتاری کی اطلاعات
ہری پور تھانہ سرائے صالح کی حدود میں دو نوجوانوں کا لرزہ خیز قتل، نعشیں ویرانے سے برآمد، نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج، پولیس نے مختلف پہلوؤں کے حوالے سے تفتیش شروع کردی، دو ملزمان کی گرفتاری کی اطلاعات، تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نماز جمعہ کے بعد چنگی بانڈی کے رہائشیوں کو موضح گاڑ کی پہاڑی پر دونوجوانوں کی نعشیں پڑی ہوئی ملیں جس پر پولیس کو اطلاع دی گئی جو موقع پر پہنچ گئی اور دونوں نعشوں کو ٹراما سنٹر ہری پور منتقل کردیا گیا، جہاں پر دونوں کی شناخت صفی اللہ ولد ابرار اور حبیب ولد یوسف سکنہ چنگی بانڈی کے ناموں سے ہوئی، مقتول صفی اللہ کے چچا افتخار ولد تاج اور حبیب کے بھائی وحید نے نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرواتے ہوئے بتایا کہ مقتولین فرنیچر کی دکان پر کام کرتے تھے اور جمعہ کی چھٹی کے باعث اہلخانہ کو بتائے بغیر گھومنے کے صبح دس بجے گھروں سے نکلے تھے۔ پولیس نے واقعہ کی بابت مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔ جبکہ مقتولین کی نعشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق جائے واقعہ پر ایک مشروب کی بوتل اور چار گلاس بھی پڑے ہوئے ملے تھے۔ دوسری جانب باوثوق ذرائع کے مطابق ہری پور پولیس نے چند ہی گھنٹوں میں اس لرزہ خیز واردات کی گتھی سلجھاتے ہوئے واردات میں ملوث کم ازکم دو ملزمان کو مبینہ طور پر گرفتار کرلیا ہے۔
No comments:
Post a Comment
Thank you for contacting us, we will response ASAP